بنگلورو، 3؍نومبر(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی سے گذارش کی جائے گی کہ آئندہ بجٹ میں ریاست بھر کے تالابوں کی حفاظت کیلئے علاحدہ فنڈ مختص کیاجائے۔یہ بات سابق نائب وزیر اعلیٰ ورکن اسمبلی ڈاکٹر جی پرمیشورنے کہی۔انہوں نے یہاں تعلقہ کے چنارایہ درگہ ہوبلی کے گٹلاہلی دیہات کے تالاب میں باگینا پیش کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ موسم کی تبدیلی اور درجہ حرارت میں اضافہ کے سبب چند علاقوں میں بارش کی قلت پیش آرہی ہے اور چند علاقوں میں اچھی بارش بھی ہوئی ہے۔بارش کا پانی ذخیرہ کرنے اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کرنے کیلئے تالابوں کی حفاظت ضروری ہے،اس کیلئے حکومت کو چاہئے کہ علاحدہ فنڈ مختص کرے۔شہری اور دیہی علاقوں میں تالابوں کی حفاظت اور ترقی کیلئے جدوجہد ضروری ہے۔ریاست کے کئی تالابوں کی حالت کافی خستہ ہوچکی ہے،ان تالابوں کی ترقی پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اس سے قبل ایس ایم کرشناقیادت والی کانگریس حکومت کے دوران عالمی بینک کے منصوبے کے تحت ریاست بھر کے تالابوں کی ترقی اور حفاظت کیلئے 800کروڑ روپئے کا فنڈ جاری کیاگیاتھا۔اس لئے آئندہ بجٹ میں وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی بھی تالابوں کی حفاظت کیلئے خصوصی فنڈ مختص کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ گٹلاہلی تالاب بھرنے پر روایتی انداز میں گنگاپوجاکا اہتمام کیاگیاہے،اس پوجا میں خاص کر خواتین اور گرام پنچایت کے صدرواراکین کی شرکت باعث مسرت ہے۔ایتناہولے منصوبے کے تحت تالابوں کو پانی فراہم کرنے کے منصوبے میں یہ تالاب بھی شامل ہے۔دیہات کے مکینوں کی گذارش کے مطابق اس دیہات میں اسکول کمپاؤنڈ،کھیل کا میدان،سمودایابھون کی تعمیر کیلئے فنڈفراہم کیاجائے گا۔اس موقع پر تحصیلدار ناہدہ زم زم،تعلقہ پنچایت ای اودوڈاسدیا،محکمہ چھوٹی آبپاشی کے اے ای رمیش کمار اور دیگر موجود تھے۔